1 se 9 tak adad ki khasoosiat

الاعداد


اعداد 1سے لیکر 9تک از روئے تاریخ پیدائش اورنام کے اعداد ​

1​

عدد 1شمس کے لیے مستعمل ہے یہ ایک مفید نمبر ہے اور خوشی کامیابی اور ترقی اسی نمبر کے تحت آتے ہیں ۔یہ آغاز کی نشاندہی کرتا ہے جس سے بقیہ 9اعداد تخلیق پاتے ہیں ۔تمام اعداد کی بنیاد "1"ہے چنانچہ یہ عدد ہراس چیز کے لیے استعمال ہوتا ہے جو تخلیقی انفرادی اور مثبت ہو۔چنانچہ ہر وہ شخص جس کی پیدائش کا بنیادی عدد "1"ہو یعنی وہ کسی بھی ماہ کی پہلی دسویں انیس یا اٹھائیس تاریخ کو پیدا ہوا ہو ۔اس کے کام میں تخلیقی اور موجدانہ عنصر ہوتا ہے اور وہ نہایت منفرد مزاج اور اپنے خیالات اور آراء میں نہایت مستحکم اور اسی وجہ سے اپنے ارادوں میں ضدی اور مستقل مزاج ہوتا ہے اور یہ خصوصیات ان لوگوں میں زیادہ نمایاں ہوتی ہے جو 21جولائی سے لیکر 28اگست یا 21مارچ سے 28اپریل کی درمیانی مدت کے دوران پیدا ہوئے ہوں۔
عدد "1"کے حامل محنتی لوگ ہوتے ہیں لیکن وہ دوسروں کے ماتحت کام کرنے اور ان کے احکامات کی بجا آوری ان کی طبیعت پر گراں گزرتی ہے اوریہ اس وقت بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں جب ان کو آزادانہ اپنی مرضی سے کام کرنے دیا جائے ۔جب یہ لوگ خوش نہیں ہوتے تب بھی دوسروں کو یہ خوشگوار تاثر دیتے ہیں یعنی اپنی ناگواری کو ظاہر نہیں ہونے دیتے ہیں "1"کے حامل لوگ قائدانہ صلاحتیں رکھتے ہیں اور جس بھی پیشے سے منسلک ہوں یہ آپ کو نمایاں نظر آئیں گے۔
عدد "1"کے حامل لوگ دانشور ہوتے ہیں اور کتابیں پڑھنا ان کا محبوب مشغلہ ہوتا ہے انتظامیہ سے منسلک لوگ ادبی معاملات اور طبقہ اشرافیہ اسی نمبر کے تحت آتے ہیں ۔
کسی بھی مہینے کی 19تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ خوش قسمت ہوتے ہیں 19نمبر انتہائی مبارک ترین اعداد میں سے ایک ہے ۔یہ مرکب نمبر کامیابی خوشی اور عزت و احترام کی نوید دیتا ہے یہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ آپ کے منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچیں گے البتہ آپ کو خود غرضی اور انا پرستی سے گریز کرنا چاہیے۔
1عدد کے ضمن میں مرکب عدد 28غیر موافق عدد ہے اس تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگوں کو تمام قانونی معاملات میں محتاط رہنا چاہیے ۔اپنا وکیل چنتے وقت احتیاط سے کام لیں ورنہ ہار آپ کا مقدر ہوگی ۔اور آپ سب کچھ کھودیں گے ۔عدد 28طلاق کا عدد بھی ہے ۔
غلط لوگوں پر اعتماد کرنے سے محتاط رہیں ۔وکلاء جج صاحبان اور کارپوریشنوں کے منیجر عموماً 28تاریخ پیدائش رکھتے ہیں ۔28عدد رکھنے والے تمام لوگوں تنبیہہ کی جاتی ہے کہ وہ کسی پر اعتماد نہ کریں ۔
رنگوں میں پیلے رنگ کے تمام شیڈ ،اورنج ،گولڈن رنگ آتاہے اور پتھروں میں پکھراج اور عنبر(کہربا ) ہیں ۔
شیخ اقبال لاہوری(علامہ اقبال یعنی شاعر مشرق) کا مفردنمبر ایک ہے یعنی محمد اقبال ۔آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ڈاکٹر صاحب کا ستارہ ہمیشہ اقبال (بلندیوں)پر رہا۔
1عددکے حامل افراد کا تعلق عدد 2,4اور 7سے دوستانہ رہتا ہے ۔

2​

یہ وہ لوگ ہیں جو کہ کسی بھی ماہ کی 2,11,20یا 29تاریخ کو پیدا ہوئے ہوں ۔ چونکہ یہ عدد قمر کا منفی نمبر ہے لہٰذا یہ عدد تبدیلی ،بے چینی اور غیر یقینی حالات کی نمائندگی کرتا ہے ۔یہ موسیقی اور عوامی سرگرمیوں اور دوستی کا عدد ہے ۔
اس کی خصوصیات ان لوگوں میں زیادہ ہوتی ہیں جو 20جون سے لیکر 27جولائی کی درمیانی مدت میں پیدا ہوئے ہوں ۔
چونکہ اس کا تعلق قمر کے ساتھ ہے اور چونکہ چاند اسم رحمٰن کا مظہر ہے اس لیے یہ لوگ مزاجاً مہربان ،تعاون کرنے والے اور مددگار ہوتے ہیں ۔ان کے لب و لہجے میں ملائمت ہوتی ہے یہ فرض شناس ،صراط مستقیم پر چلنے والے اور اچھی اور خوشگوار صحبت کو پسند کرنے والے ہوتے ہیں ۔لہٰذا خوش دلی سے محفلوں وغیرہ میں شرکت کرتے ہیں ۔
2عدد کے حامل لوگ امن پسند ،اچھے ثالث اور امن قائم رکھنے والے ہوتے ہیں ڈپلومیسی اور مصلحت اندیشی ان کے مزاج کاایک اہم حصہ ہوتی ہے ۔
یہ لوگ اس وقت بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں جب یہ شادی شدہ ہوں ۔غیر شادی شدہ ہونے کی صورت میں یہ لوگ رومانوی مسائل کا شکار ہوسکتے ہیں اگر ان کو صحیح شریک حیات مل جائے یا کم از کم ایک قریبی ،قابل اعتماد دوست تو پھر ان کو بحرانی اوقات میں راہنمائی مل سکتی ہے ۔عدد 2کے حامل لوگ بے چین اور نروس طبیعت کے مالک ہوتے ہیں ۔چنانچہ ان کو ہروقت مصروف رہنا چاہیے کیونکہ جب تک یہ لوگ مصروف رہیں گے تو خوش رہیں گے ان لوگوں کو تنہائی اور فرصت سے نفرت ہے ۔آپ کی وضح قطع آپ کے لیے بہت اہم ہے اور آپ اپنی صلاحتیوں پر اور اپنے متعلق فخر محسوس کرتے ہیں آپ بہت محبت کرنے والے اور جذباتی شخصیت کے مالک ہیں ۔
عدد 2کے لوگ آزادی کے متوالے ہوتے ہیں اور کسی نئی چیز کی بنیاد یا ایجاد یا دریافت کرنے کی ان میں خصوصیت پائی جاتی ہے ۔لیکن اپنے خیالات کو عملی جامہ پہنانے میں اتنی اچھی قوت ارادی کا مظاہرہ نہیں کرتے ہیں جیسا کہ 1عدد کے حامل لوگ کرتے ہیںلیکن اگر یہ لوگ اسم رحمٰن کا ورد جو کہ ان کے حق میں اسم اعظم کا درجہ رکھتا ہے کو ورد زبان بنالیں تو پھر ہر کامیابی ان کے قدم چومے گی کیونکہ پھریہ لوگ
2 in 1 بن جائیں وہ اسطرح کہ اسم رحمٰن کی عددی قیمت ہے298جس کا مرکب 19ہے (19کی تشریح آگے آرہی ہے)اور مفرد ایک ہے۔عدد 2چونکہ قمر سے تعلق رکھتا ہے اس لیے اس کی طبیعت میںبے چینی ،غیر یقینی کیفیت اور خیالات اور منصوبوں میں تسلسل کی کمی ان کی سب سے بڑی خامی ہوتی ہے ان میں خود اعتمادی کی بھی کمی پائی جاتی ہے ۔لیکن چونکہ قمر سریع السیر یعنی اور کواکب کی نسبت سارے بروج کو تقریباً28روز میں طے کرجاتا ہے لہٰذا جب ان کو کوئی ایسا کام کرنا پڑجائے جو کہ Chanllegingہو تو پھر یہ اس کو بہت سرعت سے نمٹاتے ہیں ۔
عدد 2کے حامل لوگ انسانوں پر گہری نظر رکھتے ہیں اور پبلک ڈیلنگ آپ کی شخصیت کا خاصہ ہوتا ہے ۔ چونکہ آپ جمالی طبیعت رکھتے ہیں اسی لیے آپ قصداً کسی کے جذبات کو مجروح نہیں کرتے ہیں ۔

چونکہ عدد 2کا تعلق قمر سے ہے اور اس عدد کا تعلق Entertainmentاور فنون لطیفہ سے ہے اس لیے اسکا تعلق موسیقی ،گلوکاری،تفریح مہیا کرنے والے اور دل بہلانے والے لوگوں سے ہے ۔پبلک ریلیشنگ اورنرسنگ کا شعبہ بھی اسی سے تعلق رکھتا ہے۔
اس عدد کے ضمن میں جو لوگ 20کا عدد رکھتے ہیں وہ انتہائی خوش قسمت ہوتے ہیں جو کہ 20تاریخ کو پیدا ہوتے ہیں یا جن کے نام کے اعداد کا دہائی کا عدد 20ہوتا ہے۔کیونکہ اسم ودود کے اعداد بھی 20ہیں اور اسم منعم کے بھی200اعداد ہیں ۔
11عدد رکھنے والے لوگوں کی زندگی میں دوسروں سے دھوکہ کھانا ،زندگی میں مشکلات اور دشمنیاں اور معاشی مصروفیت میں خرابی 11عدد کے تحت آتے ہیں ۔عدد 11رکھنے والوں کو جنس مخالف سے الجھنے سے گریز کرنا چاہیے ہے۔اس کے علاوہ 11عدد رکھنے والوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ تمام خارجی پیشے آپ کے لیے موزوں ہیں یعنی اپنے شہر سے باہر یا ملک سے باہر ۔اس کے علاوہ 11عدد رکھنے والے قدرتی مناظر کی مصوری میں مہارت رکھتے ہیں ۔
عدد2میں 29کا عدد رکھنے والے بھی زیادہ خوش قسمت نہیں ہیں یہ لوگ پیار محبت کے معاملات میں بہت دکھ اٹھاتے ہیں اور اگر ان کی شادی موزوں ساتھی سے ہوجائے تو بہت خوش رہتے ہیں ۔29کا عدد رکھنے والے کو زنان سے بہت ہوشیار رہنا چاہیے ہے کیونکہ صنف مخالف آپ کی طرف ایسی کھنچی چلی آئیں گی جیسے مکھیاں شہد کی طرف ۔29کا عدددوستیوں کا عدد ہے ملبوسات اور کاسمیٹکس کے شعبے کا تعلق اسی عدد سے ہے۔
عدد 2کے رنگوں میں سفید ،چاندی اور سبز رنگ کے تمام شیڈ شامل ہیں اور پتھروں میںمون سٹون،موتی اور سنگ سیم شامل ہیں۔
عدد 2کے حامل افراد کا تعلق 1اور 7کے ساتھ موافق رہتا ہے۔

3​

عدد 3مشتری کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔یہ مقصد حیات Ambitionاور اتھارٹی سے متعلق ہے ۔ مذہب ،قانون ،دولت اور اشاعت اسی نمبر کے تحت آتے ہیں ۔اس کی خصوصیات ان لوگوں میں نمایاں ہوتی ہے جو کہ 19فروری سے لیکر 27مارچ یا 21نومبر سے لیکر 27دسمبر کی درمیانی مدت میں پیدا ہوئے ہوں ۔
عدد 3کے حامل لوگ ہمیشہ بلند مقصد حیات رکھتے ہیں یہ کسی بھی ایسے موضوع کو جس کے متعلق یہ کچھ نہیں جانتے مخالفت نہیں کریں گے بلکہ متعلقہ موضوع کو خوب غور سے سنیں گے اوراور اپنی عقل اور قوت مدرکہ کی کسوٹی پہ پرکھیں گے۔یہ لوگ اپنی فیملی خاص طور پر بہن بھائیوں سے بہت محبت کرتے ہیں اور لوگ جلد ہی ان کے دوست بن جاتے ہیں ۔یہ لوگ علوم مخفی میں خصوصی دلچسبی لیتے ہیں اور مذہب کے متعلق اپنی الگ ایک رائے رکھتے ہیں جو کہ باقی لوگوں سے مختلف ہوتی ہے یہ لوگ فلاحی اداروں کو عموماً بہت مال و دولت خیرات کے طور پر دیتے ہیں اور بڑے بڑے کاروباری منصوبوں میں روپیہ لگاتے ہیں اور اپنی کامیابی کی وجہ سے بہت سے حاسد پال لیتے ہیں ۔
عدد3کے حامل کبھی بھی ماتحت عہدوں پر خوش نہیں ہوتے ہیں اور ہمیشہ بلندی پر پھلتے پھولتے ہیں ۔یہ لوگ مکاشفہ کی دولت سے مالامال ہوتے ہیں۔یہ لوگ تخلیقی خیالات کے مالک ہوتے ہیں یعنی ان کے خیالات اور آراء مستعارشدہ نہیں ہوتی ہیں ۔یہ لوگ کبھی بھی فراڈ اور دھوکہ بازی پر مبنی لین دین کو برداشت نہیں کرتے ہیں ان کی قوت ارادی اور ارادہ کی پختگی کامیابیوں کی راہ کو ہموار کرتی ہے۔یہ لوگ اپنی سخاوت کو چھپانے کی حتیٰ الوسع کوشش کرتے ہیں یہ لوگ بہت قابل بھروسہ ہوتے ہیں اور ان پر آنکھیں بند کر کے اعتماد کیا جاسکتا ہے اگران کو ایک مرتبہ کہہ دیا جائے کہ اس بات کو آشکارہ نہیں کرنا تو پھر یہ لوگ کسی قیمت پر بھی راز ظاہر نہیں کرتے ہیں ۔اگرچہ یہ لوگ شاہ خرچ نہیں ہوتے ہیں لیکن آپ ان کو کنجوس بھی نہیں کہہ سکتے ہیں ۔
3عدد کے ضمن میں 12تاریخ کو پیدا ہونے والے لوگ بدقسمت سمجھے جاتے ہیں ان لوگوں کو دوسرے لوگ اپنے مفاد کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔قطع نظر اس کے کہ یہ لوگ کتنا کماتے ہیں ان کو ہمیشہ کسی نہ کسی مالی امداد کی ضرورت رہتی ہے ۔خاندانی ذمہ داریوں سے اکثر پالا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ان کو مالی پریشانی لاحق رہتی ہے ۔
عدد3کے رنگوں میں گہرا سرخ اور بنفشی (Violet) اور پتھروں میںایمے تھیسٹ اور ارغوانی رنگ(یعنی سرخ اور اس سے ملتے جلتے جیسے نارنجی) کے دیگر پتھر شامل ہیں ۔
عدد 3کے حامل افراد کا تعلق 6,8اور 9کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔
اسم لطیف کی عددی قیمت 129ہے جس کامفرد3ہے جو کہ مشتری کا عدد ہے۔چشم بصیرت سے 129کو دیکھیں توایک بتداء ہے اور ایک انتہا اسم لطیف کی عددی قیمت 129ہے جس کامفرد3ہے جو کہ مشتری کا عدد ہے۔چشم بصیرت سے 129کو دیکھیں توایک بتداء ہے اور ایک انتہا ہے اور درمیان میں ایک زوج (جفت)جگمگا رہا ہے ۔ 

4​

عدد 4ان لوگوں کا پیدائشی نمبر ہے جو کسی بھی ماہ کی 4,13,22یا 31تاریخ کو پیدا ہوئے ہوں ۔یہ یورانیس کے ساتھ متعلق ہے اور یہ عدد موسیقی(ایسی موسیقی جس کے سُر دھیمے ہوں اور جو کہ اسراری ہو جیسے دیپک راگ جس کے گانے سے آگ لگ اٹھتی ہے ۔یا راگ ملہار جس کے گانے سے بارش ہوجاتی ہے) ،سائنس،انصاف اور بغاوت کی ترجمانی کرتا ہے ۔اگر آپ کی تاریخ پیدائش کا عدد 4ہے تو پھر آپ عجیب و غریب شخصیت کے مالک ہیں اور اکثر آپ کو سمجھنا دشوار ہوتا ہے ۔آپ ہمیشہ دوسروں سے مخالف زاویہ نگاہ رکھتے ہیں اور کسی بھی بحث مباحثہ میں ہمیشہ مخالفت میں دلائل دیتے ہیں (ویسے یہ ضروری نہیں کہ مخالفت میں دلائل دیں یہ بہت کم cassesمیں ہوتا ہے ) آپ کے کام کرنے کا انداز لگے بندھے انداز سے مختلف اور جد اہوتا ہے اگر قواعد ضوابط آپ کو موافق نہ آئیں تو آپ ان کو بدلنے سے نہیں چوکتے ہیں عدد4کے حامل افراد میں محبت ،رحمدلی اور فراخ دلی کا عنصر بدرجہ اُتم پایا جاتا ہے یہ لوگ بہترین دوست ہوتے ہیں اور ہمیشہ وفادار رہتے ہیں اورشادی شدہ ہونے کی صورت میں اپنے آپ کو شریک حیات کے لیے وقف کردیتے ہیں اور جنس مخالف کے لیے نہایت احترام کے جذبات 
رکھتے ہیں ۔
چونکہ یہ عدد 4شمس کا منفی نمبر ہے لہٰذا یہ لوگ بہت مشکل سے دوست بنا پاتے ہیں لیکن اگر کسی کو ایک مرتبہ دوست بنا لیں تو پھراس کے لیے اپنے آپ کو وقف کردیتے ہیں اور Aبلڈ گروپ والے افراد جو کہ سرد تر مزاج رکھتے ہیں وہ ان کے بہترین دوست ثابت ہوتے ہیں اور Bبلڈ گروپ والوں کے ہاتھوں ہمیشہ یہ لوگ تکلیف اٹھاتے ہیں ۔کیونکہ اس نمبر پر مریخ کی گرمی خشکی کا اثر ہے۔خصوصاً وہ شخص جو کہ منگل کے روز پیدا ہوا ہو۔
عدد 4 کی خصوصیات ان لوگوں میں زیادہ نمایاں ہوتی ہیں جو 21جون سے لیکر 22 اگست کے درمیانی عرصے میں پیدا ہوئے ہوں ۔
کسی بھی ماہ کی 22تاریخ کو پیدا ہونے والے افراد اپنے خیالات اور عمل میںقطعی آزادانہ طرز عمل رکھتے ہیں یہ عام ڈگر سے ہٹ کر چلنے والوں کا نمبر ہے اور لوگ آپ کو عجوبہ اور نرالا تصور کرسکتے ہیں دوسروں سے مختلف معاملات میں اتفاق رائے رکھنا آپ کے لیے بہت مشکل ہے اور آپ کو اپنے دوستوں اور اقرباء سے تعلقات میں مشکلات پیش آسکتی ہیں آپ تنقید کرنے کو پسند کرتے ہیں ۔آپ سفر کو پسند کرتے ہیں اور گھر میں مقید نہیں رہ سکتے ہیں آپ ہر اس پیشے یا کیریئر کو اپناتے ہیں جو کہ انوکھا یاعام ڈگر سے ہٹ کر ہو ۔آپ کام کے دوران تنہائی کو پسند کرتے ہیں کیونکہ آپ کو کام کے دوران کسی دوسرے کی مداخلت پسند نہیں ہے ۔مالی معاملات میں آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔آپ دوسروں کے مسائل اپنے کندھے پر اٹھانے سے گریز کریں کیونکہ لوگ آپ کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔
عدد4کے ضمن میں 31نمبر سب سے زیادہ بدقسمت ہے اگر یہ آپ کی تاریخ پیدائش ہے تو پھر آپ اپنی ہی دنیا میں مگن ہیں اور آپ کے خیالات اور طرز زندگی کو سمجھنا بہت دشوار ہے۔آپ زندگی میں تنہا ہیں ،اکثر افسردہ رہتے ہیں اور بہت سے پوشیدہ دشمن بنا لیتے ہیں جو آپ کے خلاف چلتے ہیں آپ قواعد وضوابط اورمروجہ آئین سے بغاوت کرتے ہیں اور کسی اعلیٰ مقصد کے لیے بھرپور جنگ کرتے ہیں دوستوں سے وفاداری آپ کے لیے بہت اہم ہے اور آپ اپنے گھراوربچوں سے بہت پیار کرتے ہیں لیکن آپ اکثر تنہائی محسوس کرتے ہیں کیونکہ یہ تنہائی کا نمبر ہے۔
عدد4والوں کا موافق رنگ نیلا،گرے،ارغوانی اور گولڈن ہے اور پتھروں میں نیلم اور پکھراج عدد 4کے موافق پتھر ہیں ۔
عدد4کے حامل افراد کا رحجان 1اور7کی طرف رہتا ہے۔

5​

پیدائش کا عدد 5رکھنے والے لوگوں سے مراد وہ تمام لوگ ہیں جو کسی بھی ماہ کی 5,14یا 23تاریخ کو پیدا ہوئے ہوں۔
عدد5کا تعلق عطارد سے ہے چونکہ عطارد کو سیماب ، فرار اور Murcuryبھی کہا جاتا ہے اسی لیے اس کی طبیعت میں اضطراب پایا جاتا ہے علاوہ ازیں ازروئے نجوم چونکہ عطارد منشی فلک ہے لہٰذا ادبی امور اور دماغ ،تیزی ذہن اور جوا اسی کے تحت ہیں ۔
عدد5رکھنے والے لوگ روپیہ پیسہ کمانے کے منفرد طریقے جانتے ہیں عموماً یہ لوگ ہر اس کاروباری معاہدے میں رسک لینے کو تیار ہوجاتے ہیں جہاں بہت زیادہ منافع کمانے کی توقع ہو ۔یہ لوگ گھومنے پھرنے اور متحرک رہنے کو بہت پسند کرتے ہیں لہٰذا شادی بھی ان افراد کو ایسی شخصیت سے کرنا چاہیے جو کہ نچلا بیٹھنا جانتی ہی نہ ہو۔
عدد 5کے حامل لوگ اپنی شخصیت میں بہت کشش رکھتے ہیں اور بہت آسانی سے دوست بنالیتے ہیں جب تک تبدیلی اور جذباتی ہلچل ہو آپ بہت خوش رہتے ہو لیکن آرام سے بیٹھ کر حالات کی تبدیلی کا انتظار کرنا آپ برداشت نہیں کرسکتے ہیں ۔آپ اس وقت تک چین سے بیٹھنا پسند نہیں کرتے جب تک کہ جو منصوبہ آپ کے دماغ میں ہے اسے عملی جامہ نہ پہنا دیں آپ دوستوں کے انتخاب میں ہمیشہ اپنی پسند نہ پسند کا خیال رکھتے ہیں ۔آپ لوگوں کی شخصیت پرکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔چونکہ آپ کی شخصیت کی کشش بیک وقت کئی لوگوں کو آپ کی طرف متوجہ کرتی ہے اس وجہ سے آپ کو یہ بات بعض اوقات احساس جرم میں مبتلا کردیتی ہے کہ محفل کی جان آپ ہی ہیں اور باقی لوگوں کو کوئی توجہ نہیں دیتا ہے لیکن آپ کواس معاملہ میں فکرمند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ بات آپ کے اختیار میں نہیں ہے بلکہ یہ تو عدد5کا خاصہ ہے۔
عدد5کے حامل لوگ بہترین مشیر یا ٹیچر ہوتے ہیں ۔عدد5 کے حامل لوگ ایک دفعہ کامیاب ہونے کا ارادہ کرلیں تو پھر ضرور کامیاب ہوتے ہیں ۔عدد5کے حامل لوگ دوسروں کے مقابلے میں استدلال کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں ۔یہ لوگ اوئل عمری میں ہی اپنی انفرادیت ،قابلیت اور اپنی ہنر سیکھنے کی عمدہ اور سریع صلاحیت کے متعلق جان جاتے ہیں ۔
عدد5کے حامل لوگوں پر اگر کوئی برائی غالب آجائے تو دنیا کی کوئی نصیحت آپ کو راہ راست پر نہیں لا سکتی ہے ۔عدد5مقررین ،سرکاری افسران،ادبی منتظمین ،مالی ماہرین اور سفری سیلز مین پر حاکم ہے ۔لہٰذا اپنی حاجت کو دیکھتے ہوئے طلسم تیار کرکے اپنے پاس رکھنے سے خواہش بَر آتی ہے۔
عدد5 کے ضمن میں 23کاعددگروپ کی کی بہترین خصوصیات کا عکاس ہوتا ہے ۔لیکن 14کا عدد ایک ایسا عدد ہے جو کہ تیز خرید و فروخت اور مال و دولت کی تیز گردش سے متعلق ہے ۔اراضی یا پراپرٹی خریدیں ،ایک دو سال رکھیں اور پھر بیچ دیں ۔یہ عدد آپ کو بنا بھی سکتا ہے اور بگاڑ بھی سکتا ہے 14عدد والے کو بددیانتی پر مبنی کاروبار ی اور مالی معاملات سے بچنا چاہیے ۔یہ عدد 14حسابات رکھنے والوں یعنی AccountantsاورLoan Agentsپر حاکم ہے۔
رنگوں میں ہلکا گرے ،سفید اور تمام چمکدار مٹیریل شامل ہیں ۔عدد5 کے موافق پتھروں میں ہیرا ہے اور فیروزہ اور زمرد آپ کی دوسری ترجیح ہونی چاہیے ہے۔
عدد5کے حامل افراد کا تعلق 1,6,7اور 9کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔

6​

عدد6 سے مراد وہ تمام لوگ ہیں جو کہ کسی بھی ماہ کی 6,15,یا 24تاریخ کو پیدا ہوئے ہوں۔
عدد6 کا تعلق زہرہ سے ہے یہ مقناطیسی کشش اور شاندار شخصیت کا عدد ہے یہ عدد جنس ،محبت ،فنون لطیفہ کی نمائندگی کرتا ہے ۔اگر آپ کا عدد چھ ہے تو جنس مخالف کے لیے آپ بہت کشش کا باعث ہیں اور وہ آپ کی Companyکو پسند کرتے ہیں ۔آپ کی شخصیت میں کشش ہے اور لوگ آپ کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں ۔
عدد چھ کے حامل لوگ اپنے گھر میں دعوتیں دیکر اور تفریح کا سامان مہیا کرکے خوش ہوتے ہیں اور ضیافتوں اور معاشرتی معاملات پر شاہ خرچی کرتے ہیں۔مالی معاملات میں آپ خوش قسمت ہیں اور آپ کو وراثت میں جائیداد یا دولت مل سکتی ہے(مندرجہ بالا پیراگراف کوئی ضروری نہیں ہے کہ تجربات پر پورا اترے)
کاروبای سرمایہ کاری اور پارٹنر شپ آپ کے لیے بہت مفید ہے لیکن لطف و لذت آپ کی زندگی کا بنیادی جزو ہیں ۔اور آپ کبھی تارک الدنیا کی طرح زندگی نہیں گزار سکتے ہیں ۔گانا بجانا اور ناچ ورنگ کی محفلیں سجانا اسی عدد سے متعلق ہیں لیکن اگر آپ اسلامی ذہن رکھتے تو پھر آپ نعت خوانی اور قوالی کی محفلیں منعقد کروائیں گے اور اگر غیر مقلد ہیں تو پھر اپنے گھر میں کسی بھی بہانے کبھی ختم قرآن یا کبھی کسی عالم کو بلوا کراوراپنے عقیدے کے لوگوں کو بلوا کر اور لوگوں کو اکھٹا کروا ئیں گے ۔غرض آپ ہلہ گلہ کے شوقین ہیں چاہے اس کا کوئی بھی رنگ ہو۔
جنسی معاملات اور تعلقات عدد چھ والوں کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور ایک خوشگوار ازدواجی زندگی آپ کے لیے بہت ضروری ہے ۔ماحول کی نسبت لوگ آپ کے لیے زیادہ اہم ہیں حالانکہ آپ تھوڑی سی کوشش سے ماحول کو بہتر بنانے کی قدرت رکھتے ہیں ۔عدد چھ کے لوگ زندگی سے بہت محبت کرتے ہیں اور بالی عمریامیں ہی کیوپڈ کے تیر کا شکار ہوجاتے ہیں ۔
عدد چھ کے لوگ جو چاہتے ہیں کمال ہوشیاری سے اندرونِ خانہ ایسی Gameکھیلتے ہیں کہ جو وہ چاہتے ہیں ویسا ہی ہوتا ہے۔عدد چھ کے حامل لوگ زندگی کو رومانوی نقطہ نظر سے دیکھتے ہیں اور لوگ آپ کی گرمجوشی اور جاندار شخصیت سے متاثر ہوتے ہیں ۔
عدد چھ کے لوگ قابل نفرت بھی ہوسکتے ہیں اور شکی مزاج بھی لیکن ایسا بہت کم casesمیں ہوتا ہےجیولرز،بنگلوں وعالیشان کوٹھیوںکی آرائش و زیبائش اور دفتروں کی آرائش و زیبائش ،پھولوں کی دوکان ،کاسمیٹکس کا کاروبار یا دوکان،علاوہ از ایں ہر وہ کام جس کا تعلق آرائش و زیبائش سے ہے۔اس پر عدد چھ کی حکومت ہے۔
عدد6کے ضمن میں 15کا عدد رکھنے والے لوگ یعنی جو پندرہ تاریخ کو پیدا ہوئے ہوں اکثر مشاہدے میں آیا ہے کہ کنجوس ہوتے ہیں اور اگر کبھی خرچ بھی کریں تو اپنے اوپر ہی خرچ کرتے ہیں اور اگر بالفرض کسی دوسرے پر اگر خرچ بھی کریں تو اس کے پیچھے کوئی غرض پوشیدہ ہوتی ہے یعنی وہ آپ سے اپنا کوئی کام نکلوانا چاہتے ہیں ۔
عدد 15رکھنے والے لوگ اس لحاظ سے بہت خوش قسمت ہوتے ہیں کہ وہ دوسروں سے تحفے تحائف اور عنایات حاصل کرتے رہتے ہیں۔15کاعدد رکھنے والوں کو شریک حیات کے انتخاب میں بہت احتیاط سے کام لینا چاہیے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ماہ کی 4,8,13,17,22,26اور 31تاریخ کو پیدا ہونے والے شخص سے کسی بھی قسم کی ڈیلنگ دوستی یا تعلق سے پرہیزکرنا چاہیے ہے۔
عدد 6کے حامل افراد کے رنگ نیلا،سبز،گلابی اور پیازی ہیں اپنے لباس آفس اور گھروں میں ان رنگوں کو استعمال کریں اور کالے اور گہرے جامنی رنگ سے پرہیز کریں ۔پتھروں میں فیروزہ آپ کا لکی سٹون ہے ۔زمرد بھی آپ کے لیے اچھا ہے ۔
عدد6کے حامل افراد کی ذہنی ہم آہنگی 3,5اور 9کے ساتھ ہے۔

7​

یہ عدد نیپچون اور قمر سے متعلق ہے اور مخفی علوم کی نمائندگی کرتا ہے ۔اور دل بہلانے اور تفریح پہنچانے کے شعبہ پر حاکم ہے۔
عدد 7رکھنے والے لوگ بہت جلد پریشان ہوجاتے ہیں اور ختلاف رائے سے متاثر ہوتے ہیں ۔گو اس بات میں کوئی شک نہیں کے عدد 7والے بہت محنتی ہوتے ہیں لیکن پریشان کُن حالات میں بالکل بھی کام نہیں کرسکتے ہیں ۔
عدد 7والے ہمیشہ دوسروں کی مدد کرنے کی کوشش کرتے ہیں آپ کی اسی خصلت کی وجہ سے بعض اوقات دوسرے لوگ آپ سے اپنے حصے کا کام بھی کروالیتے ہیں اس لیے آپ کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے تاکہ دوسرے لوگ آپ کو وہ کچھ کرنے پر مائل نہ کریں جو کہ آپ نہیں کرنا چاہتے ہیں ۔اس کے علاوہ چونکہ آپ اپنی فیملی سے بہت محبت کرتے ہیں اور ان کے مسائل بھی اپنے کندھوں پر اٹھا لیتے ہیں اس معاملے میں عدد 7 والوں کو محتاط رہنے کی تلقین کی جاتی ہے ورنہ آپ کو بہت پریشانی اور تکلیف اٹھانی پڑے گی ۔عدد 7 کا حامل فرد اگر شادی شدہ ہے تو اسے یہ ہدایت کی جاتی ہے کہ اپنی شریک حیات کی نسبت اپنی فیملی کو زیادہ اہمیت نہ دی جائے ورنہ حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔
مشاہدے میں آیا ہے کہ ان کے ساتھ اکثر کے ساتھ گھر والوں کا رویہ کچھ خاص اچھا نہیں ہوتا ہے لہٰذا عدد 7کے حامل افراد جلد ازجلد شادی کرنے کی طرف مائل ہوتے ہیں تاکہ اپنی فیملی اور ناخوشگوار حالات سے چھٹکارا حاصل کرسکیں ۔
عدد 7 کے حامل افراد تبدیلی آب و ہوا اور سفر کو پسند کرتے ہیں کیونکہ ان کی طبعیت میں بے چینی ہوتی ہے ۔اسی لیے عدد 7 کے حامل افراد اگر وہ استطاعت رکھتے ہوں تو پھر وہ غیر ممالک کا دورہ کرتے ہیں اور دوردراز کے علاقوں کی سیاحت کرتے ہیں آپ سفرنامے بہت شوق سے پڑھتے ہیں اور دنیا کے متعلق وسیع جنرل نالج رکھتے ہیں ۔عدد 7کے حامل افراد جھیل ،دریا یا سمندر کے قریب رہ کر بہت خوش ہوتے ہیں ۔
عدد 7 کی خصوصیات ان لوگوں میں نمایاں ہوتی ہیں جو 21جون سے لیکر 27جولائی کی درمیانی مدت میں پیدا ہوئے ہوں ۔عدد 7کے حامل افراد نہایت خود مختار اورOriginal Natureکے مالک ہوتے ہیں یہ لوگ اچھے لکھاری مصور اور شاعر ہوتے ہیں ۔عدد 7کے حامل افراد جو بھی کام کریں جلد یا بدیر زندگی کے متعلق اپنا فلسفیانہ نقطہ نظر بیاں کرتے ہیں اور اس کی جھلک ان کے ہر کام میں نظر آتی ہے۔
عدد 7کے حامل افراد مجموعی طور پر مادہ پرست نہیں ہوتے ہیں ۔عدد 7کے حامل افراد اپنی تیزی ذہن اور طریقہ بزنس سے دولت مند ہوجاتے ہیں اور اکثر یہ لوگ بہت عطیات وغیرہ لوگوں کو دیتے ہیں ۔
عدد 7کی حامل خواتین اکثر بہت سرمایہ دار آدمی سے شادی کرتی ہیں کیونکہ وہ مستقبل سے بہت پریشان رہتی ہیں ۔
عدد 7کے ضمن میں 16کا عدد بہت غیر موافق ہے اگر آپ کی تاریخ پیدائش 16ہے تو پھر آپ اپنے منصوبوں میں بہت احتیاط سے کام لیں اور راز کی بات کا ذکر اپنے سائے سے بھی نہ کریں ۔کیونکہ آپ کے دوست زیادہ دیر تک آپ کے دوست نہیں رہتے ہیں ۔
عدد 7کے متعلقہ رنگ سبز،پیلا،سفید،گرے اور ہلکا نیلا ہیں اور موافق پتھروں میں سے Cat's Eyeحجرالقمر ،سنگ سیم،موتی،موس اگیٹ ہیں۔
عدد 7کے حامل افراد کا تعلق 1,2اور 5کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔

8​

عدد 8 کے حامل افراد وہ لوگ ہوتے ہیں جو کسی بھی ماہ کی 8,17یا 26تاریخ کو پیدا ہوئے ہوں ۔
عدد 8 زحل کے لیے استعمال ہوتا ہے ۔یہ بزنس ،زمین ،پراپرٹی ،تیل کے کنویں اور ہر اس چیز سے متعلق ہے جس کا تعلق تراب سے ہے کیونکہ اس کا مزاج سرد خشک ہے اور یہ فکر وافسردگی کا عدد ہے۔
عدد 8کے حامل افراد تنہائی محسوس کرتے ہیں اور لوگ آپ کے بارے میں غلط فہمیوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں یہ لوگ اکثر اپنی زندگی میں اپنی کاوشوں کا پھل نہیں پاتے ہیں لیکن موت کے بعد ان کی بڑی واہ واہ ہوتی ہے ۔یہ لوگ یا تو انتہائی کامیاب زندگی گزارتے ہیں یا پھر انتہائی ناکام ہوتے ہیںکیونکہ زحل کی یہی خاصیت ہے۔
عدد 8کا تعلق غیر متوقع واقعات ،رکاوٹوں اورناکامیوں سے ہے ۔عدد 8 رکھنے والوں کو اندوہناک واقعات اور ذلت آمیز حالات سے واسطہ پڑتا ہے ۔لیکن اس کے باجود اگر پیدائشی زائچے میں عدد 8 یعنی اگر زحل طاقتور ہویعنی سعد ہو تو پھر کامیابیاں اور کامرانیاں آپ کے قدم چومنے کے لیے تیار ہیں دیکھیں محمود کو جو کہ غزنی کا رہنے والا تھا جس طرف رخ کرتا تھا کامیابیاں اور کامرانیاں قدم چومتی تھیں ہندوستان پر 17حملے کیے ہر دفعہ فتح یاب ہوا اب محمود کے مفرد اعداد بھی 8ہیں اور حملے بھی 17اور 17کا مفرد 8آتا ہے۔میرے بعض دوست کہتے ہیں کہ محمودابن سبکتگین کی فتوحات اور عروج کا سبب دو باتیں تھیں ایک ابو الحسن خرقانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کی دعا اور دوسری ابوریحان البیرونی کی معیت۔لیکن میں یہ کہتا ہوں کہ یہ دو Factorsصرف محمود کو ہی کیوں میسر آئے کسی اور کو کیوں نہ آئے ۔بلکہ میرے بھائیو وجہ صرف یہی ہے کہ زحل جو تباہیوں، بربادیوں ،آفتوں اور سختیوں سے متعلق ہے ۔جب محمود پیدا ہوا تو اس وقت زحل طالع میں حالت شرف میں تھا اور محمود کے حق میں مندرجہ بالا بدقسمتیاں خوش قسمتیوں میں تبدیل ہوگئیں ۔
عدد 8سے متعلق جو بھی اہم اور سعد امور نمٹانے ہو ں تو یاد رکھیے کہ پورے سات دنوں میں صرف ہفتہ یعنی الیوم السبت کو پہلی ساعت جو کہ زحل کی ہوتی اس میں یہ اہم امور نمٹائے جاسکتے ہیںلیکن پہلے دیکھ لے کہ زحل رجعت میں تو نہیں ہے یاپھر مزید حفاظتی اقدامات کے لیے رابطہ کریں کہ جن کے زائچے میں زحل نحس ہے۔
عدد 8کے حامل افراد کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں 8یا4اعداد کا زیادہ استعمال نہ کریں اور اگر 4 یا8کی تواریخ ہفتے کے دن آئیں تو کوئی بھی سعد کام نہ شروع کریں ۔
عدد 8کی خصوصیات ان لوگوں میں زیادہ پائی جاتی ہیں جو 21دسمبر سے لیکر19جنوری کی درمیانی مدت میں پیدا ہوئے ہوں ۔یعنی برج جدی کے حامل افراد جن کا بلڈ گروپ ABہوتا ہے۔
عدد 8کے حامل افراد کو مشور ہ دیا جاتا ہے کہ آپ کو زندگی میں دیر سے شادی کرنا چاہیے اور اپنے سے چھوٹی عمر کی لڑکی سے شادی کرنی چاہیے کیونکہ عدد 8 کے حامل افراد اپنی اصل عمر سے کم از کم 10سال کم نظر آتے ہیں کیونکہ ان کے گوشت کی بافتوں کا تعلق Medical Point of veiwسے Connective Tissues سے ہے ۔لہٰذا ان لوگوں کو جلد جھریاں نہیں پڑتی ہیں ۔
عدد 8 کے حامل افراد اگرچہ سرد مزاج رکھتے ہیں لیکن دلی طور پر گرم جوش طبعیت کے مالک ہوتے ہیں اور کثر اپنے مزاج کو چھپانے کی کوشش کرتے ہیں اور لوگوں کو اپنی رائے قائم کرنے کے لیے آزاد چھوڑ دیتے ہیں ۔ عدد 8 کے حامل افراد کو تنبیہہ کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی جگہ چپکے چپکے چکر چلانے سے گریز کریں ورنہ بدنامی آپکا مقدر بن سکتی ہے ۔
عدد 8 کے ضمن میں 17عدد خوشیوں اور محبت کا عدد ہے اگر آپ کسی بھی ماہ کی 17تاریخ کو پیدا ہوئے ہیں تو پھر آپ خوش مزاج ہیں اور شہرت اور ناموری حاصل کرنے کی زبردست صلاحیت رکھتے ہیں ۔
عدد 8 کے ضمن میں 26نمبر ایک غیر موافق نمبر ہے اگر آپ کی تاریخ پیدائش 26ہے تو پھر آپ کو ہرقسم کی کی شراکت سے پرہیز کرنا چاہیے ہے۔یہ عدد دشمنی کا ہے اور Partner Shipمیں فساد اور پھوٹ ڈلوانے والا نمبر ہے ۔اس لیے کسی کے ساتھ کسی قسم کی بھی شراکت سے گریز کریں اور اچھی صحبت کا انتخاب کریں ۔
عدد 8 کے موافق رنگوں میں سیاہ ،نیلا،ارغوانی،سلیٹی اور خاکستری ہے ۔لیکن خیال رہے کہ اگر آپ گردش دوراں کے ستائے ہوئے ہیں تو پھر نیلا رنگ بہتر رہے گا ۔پتھروں میں کالا ہیرا ،اور کالا موتی بہتر رہے گا۔(Black Pearl and Black Diamond)
عدد 8 کے مشہورافراد میں ندوۃ العلماء کے بانی شبلی نعمانی ہیں ہیں جن کی تاریخ پیدائش 8مئی 1857 ہے ۔چونکہ ان کے نام یعنی شبلی نعمانی کا مفرد5ہے اور ازروئے علم الاعداد ’’ عدد5کا 
تعلق عطارد سے ہے چونکہ عطارد منشی فلک ہے لہٰذا ادبی امور اور دماغ ،تیزی ذہن سے متعلق ہے ‘‘۔
شبلی نعمانی کے نام کے اعداد کی دہائی ہے 32جو کہ 23عددکی خصوصیات کی حامل ہے اور یہ ایک ایسا عدد ہے جو کہ 19کے بعد سب پر بھاری ہے شبلی نعمانی کی زندگی اٹھا کر دیکھ لیں کہ کیسے کامیاب ادبی زندگی گزاری ہے۔اور پھر موت کے بعد بھی 8کے عدد کے مطابق لوگ اُن کی ادبی خدمات کو سراہتے ہیں ۔
اسی طرح سندھ کے مشہور رہنما جی۔ایم سید کی تاریخ پیدائش 17-01-1904ہے اور ان کی تاریخ پیدائش کے مفرد اعداد 5ہیں آپ دیکھیں کہ شروع کے دور میں کیسی زندگی گزاری اور پھر چونکہ زائچے میں زحل کی حالت کمزور تھی لہٰذا پابند سلاسل ہوئے اور پھر بہت ہی خراب حالات میں وفات پائی۔
J.M.Sayyedکے کلدانی حروف کے مطابق دہائی کے اعداد ہیں 22جو کہ انتہائی غیر موافق حالات کو ظاہر کرتے ہیں اس عدد کی خصوصیت ہی یہی ہے کہ دوسروں سے دھوکہ کھانا ،ناقابل اعتبار دوست اور فیصلہ کرنے کی ناقص صلاحیت اور جلد ڈپریشن کا شکار ہوجانا۔
اسی طرح ہیلری کلنٹن کو دیکھ لیں جس کی تاریخ پیدائش ہے 26-10-1947جیسا پہلے بھی تذکرہ ہوچکا ہے کہ 26کا عدد ایک غیر موافق عدد ہے تو جب تک ہیلری کلنٹن بل کلنٹن کے ساتھ تھی تو سیاست میں اتنی آگے نہیں تھی لیکن جیسے ہی اس کے شوہر کی سیاسی زندگی مونیکا لیونسکی کی وجہ سے ختم ہوئی ہیلری ابھر کر سامنے آئی ہے کیونکہ سیاسی طور پر اب اس کا شوہر اس کے ساتھ نہیں اور یہ اکیلی ہے اور یہی 26کے عدد کی خصوصیت ہے کہ یہ اکیلا کامیاب ہے ساجھے داری میں یہ نقصان دیتا ہے۔
مندرجہ بالا یعنی شخصیات کا تقابلہ کرنے کا مقصد یہی ہے کہ میری اس تحریر کو پڑھنے والے جان سکیں کہ صرف ایک نمبر پر ہی صحیح حکم نہیں لگایا جا سکتا ہے بلکہ بہت سے باتوں کو مدِّنظر رکھنا پڑھتا ہے جو کہ میں آپ کو بتاتا ہوں اس میں نام کے اعداد ،تاریخ پیدائش،برج شمسی اور برج اصلی (یعنی جو بلڈ گروپ کا برج ہے)اورستارہ اہم حیثیت رکھتے ہیں ان سب پر اچھی طرح سے غور فکر کرنے کے بعد ہی آپ ایک درست حکم لگاسکیں گے۔ورنہ آپ علم کی رسوائی کاسبب بنیں گے۔
عدد8کے حامل افراد کا تعلق 3اور 9کے ساتھ بہتر رہتا ہے

9​

عدد 9کے حامل افراد وہ لوگ ہوتے ہیں جو کسی بھی کی ماہ کی 9,18یا 27تاریخ کو پیدا ہوئے ہوں ۔
عدد 9کی خصوصیات ان لوگوں میں زیادہ ہوتی ہیں جو کہ 21مارچ سے 20اپریل کی درمیانی مدت میں پیدا ہوئے ہوں ۔عدد 9کا تعلق مریخ سے ہے یہ عدد طاقت اور توانائی کی نمائندگی کرتا ہے ۔یہ آگ ،زخموں اور حادثات کا نمبر ہے ۔یہ سٹیل دھاتوں اور طب کے پیشے پر حاکم ہے ۔یعنی اگر غیر موافق ہو تو ایک ڈاکٹر جو آپریشن کرے گا ناکام ہوگا ایک حکیم جو کشتہ بنائے گا اس کو آگ زیادہ مل جائے گی اسی طرح اس کو ہربات پر منطبق کریں کیونکہ مریخ کا مزاج گرمی خشکی لیے ہوئے ہے ۔
عدد 9کے حامل افراد شخصیت کے لحاظ سے جلد مشتعل ہوجانے والے ہوتے ہیں اور جلد باز ہوتے ہیں ۔لیکن خود مختار ہوتے ہیں اور کسی کا محتاج رہنا پسند نہیں کرتے ہیں ۔یہ جنگجو طبیعت کے مالک ہوتے ہیں ۔ان کو ابتدائی زندگی میں نامساعد حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اپنے عزم صمیم ،قوت ارادی اور مستقل مزاجی کی بدولت آخر کار کامیاب ہوجاتے ہیں لیکن یاد رہے کہ ایسا اُن ہی لوگوں کے ساتھ ہوتا ہے جن کے زائچے میں مریخ طاقتور ہوتا ہے ورنہ نتیجہ الٹ ہوتا ہے۔
اگر عدد 9 زندگی میں حاوی رہے اور زندگی کے اہم واقعات اس عدد سے منسلک ہوں تو پھر ان کی بہت سے دشمنیاں پیدا ہوجاتی ہیں ۔جھگڑا فساد اور مخالفت کی فضا پیدا ہوتی ہے اور ایسے لوگ اکثر لڑائی یا جنگ میں قتل یا زخمی ہوجاتے ہیں ۔
منسلک رہنے سے مراد یہ ہے کہ آپ کے نام کے اعدادکا عدد 9ہو،آپ کی تاریخ پیدائش کا عدد 9ہو،آپ منگل کے دن پیدا ہوئے ہوں ،آپ کا برج حمل ہو،آپ کسی بھی ماہ کی 9,18,27تاریخ کو پیدا ہوئے ہوں ۔آپ کے گھر کا نمبر کا عدد 9 ہوآپ کی گاڑی کا مفرد عدد 9 ہووغیرہ وغیرہ۔
عدد 9 کے حامل افراد میں بہت دلیری اور پائی جاتی ہے اور یہ جس مقصد کو لیکر اٹھتے ہیں اس کو پورا کرتے ہیں یہ لوگ بہترین سپاہی ثابت ہوتے ہیں ۔وزارت دفاع اورفوج اور کا شعبہ اسی سے متعلق ہے ۔ کیونکہ مریخ کا تعلق جنگ و جدل اور خون خرابے سے ہے۔
عمل اور گفتگو میں حد سے بڑھی ہوئی بے باکی اور جلد بازی ان کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے عدد 9 کے حامل افراد آگ اور دھماکوں سے پیدا ہونے والے حیران کن حادثات کی طرف رحجان رکھتے ہیں اور ان میں سے بہت کم ایسے جو زخمی ہونے سے بچے ہوں اور یہ بات تو طے ہے کہ عدد 9کے حامل افراد کو زندگی میں کئی مرتبہ سرجری کے مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔
عدد 9کے حامل افراد کو اپنی زندگی میں بہت سے جھگڑوں اور لڑائیوں سے واسطہ پڑتا ہے ۔عدد 9کے حامل افراد اپنے اوپر تنقید کو بالکل پسند نہیں کرتے ہیں اور اپنے معاملات میں کسی کی مداخلت پر چراغ پا ہوجاتے ہیں ۔عدد 9 کے حامل افراد اپنی برتری منوانا چاہتے ہیں چاہے یہ گھر ہو یا دفتر یا محفل ۔
اگر کسی بھی دوسرے بندے کو ان سے کام نکلوانا ہو تو اسے چاہیے ہے کہ عدد 9 کے افراد سے نرمی اور عاجزی کے لہجے میں بات کرے تو یہ ہر وہ کام کردیں گے جو کہ وہ عام حالات میں نہیں کریں گے۔
عدد 9کے حامل افراد محبت کے معاملے میں انتہا پسند ہوتے ہیں اسی لیے کوئی مکار خاتون ان کو محبت کا جھانسہ دیکر اِن کو انگلیوں پر نچا سکتی ہے اور ان سے ہر کام لے سکتی ہے حدیہ کہ قتل تک کرواسکتی ہے۔
عدد 9 کے ضمن میں 18عدد کے حامل لوگ ترقی اور آگے بڑھنے کا زبردست جذبہ رکھتے ہیں یہ لوگ آخری وقت تک مقابلہ کرنے والوں میں سے ہیں اور کسی صورت میدان نہیں چھوڑتے ہیںاور میدان جنگ میں ہی مرجانا پسند کرتے ہیں لیکن بھاگنا یا مصلحت کوشی ان کی سرشت میں شامل نہیں ہوتی ہے مثلاً راجپوت قوم (بشرطیکہ اصلی ہو)راجپوت کے حروف کی تعداد بھی 18ہے۔ ۔18کا عدد رکھنے والے اکثر لوگ فوج میں بڑے بڑے عہدوں پر فائز نظر آتے ہیں ۔
عدد 9 کے ضمن میں 27 کا عدد رسب سے زیادہ بخت آور ہے ۔یہ لوگ مؤجدانہ صلاحتیوں کے مالک اور بہت ہی ذہین و فطین اور صاحب فراست ہوتے ہیں ایسے لوگ فوراً اگلے بندے کا ذہن تک پڑھ لیتے ہیں اسی وجہ یہ لوگ اپنے کام یا اپنے فرائض منصبی کے بارے میں مکمل معلومات رکھتے ہیں اورآج کا کام کبھی کل پر نہیں ٹالتے ہیں ۔
مشہور لوگوں میں ایک نام رکن الدین بیبرس کا ہے ۔37جنگوں کا فاتح اور چنگیز خان کی فوج کی ناک قطبوغہ خان جس کے متعلق یہ مشہور تھا کہ اگر کسی طرف اس کو اکیلا ہی بھیج دیا جائے تو کامیاب ہوتا ہے ۔جب یہ قطبوغہ خان بیبرس کے مقابلے پر آیا تو بیبرس نے نہ صرف یہ کہ اس کو شکست دی بلکہ زندہ گرفتار کرلیا۔رکن الدین بیبرس کے اعداد کی قیمت 639ہے ۔آپ دیکھ سکتے ہیں کہ 639کے حروف بنتے ہیں ’’ خ ش ط ‘‘ شین اور طاء مریخ کے حروف ہیں اور خاء زحل کا حرف ہے اور پھر 639کا مفرد 9بنتا ہے اور ظاہر اور باطن دونوں یعنی عدد اور حروف دونوں میں مریخ سے تعلق رکھتا ہے۔آپ لوگ بیبرس کے حالات پڑھ کر دیکھ سکتے ہیں کہ اُس کی زندگی کس طرح گزری یعنی اس کا بچپن انتہائی سختی سے گزرا کیونکہ چنگیزی فوج اس کے شہر کو لوٹنے اور اس کے سارے خاندان کو قتل کرنے کے بعد اس کو اپنے ساتھ اٹھا کر لے گئی اور پھر فروخت کردیا اور پھر بیبرس نے غلامی کی حالت سے ترقی کی اور آخر کار بادشاہ بن گیا اور پھر بادشاہ بننے کے بعد سب امراء کو انتہائی دبا کر رکھا اور پھر اس کے دور میں بہت فتوحات ہوئیں اور صلیبی اس کے نام سے کانپتے تھے وہ جب بھی کسی صلیبی قلعے پر قبضہ کرتا تھا تو پہلے ارد گرد کے مسلمان قلعوں پر قبضہ کرتا تھا کیونکہ اس کو پتہ تھا کہ یہ پیچھے سے شرارت کریں گے اور غداری کریں گے اور دشمن کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔
عدد 9 کے منسوبہ رنگوں میں سرخ ،قرمزی یعنی گہرا سرخ اور پیازی رنگ شامل ہیں جن لوگوں کے زائچے میں مریخ نحس ہے وہ پیازی رنگ کا استعمال کریں پتھروں میں روبی،گارنٹ اور عقیق سرخ ہیں ۔
عدد9کے حامل افراد کا تعلق 3,5,6اور 8کے ساتھ بہتر رہتا ہے۔
نوٹ: 1سے لیکر 9تک جو اعداد کے پتھر دیئے گئے ہیں وہ صرف اور تاریخ پیدائش کے اعتبار سے دیئے گئے ہیں ۔میں ضروری سمجھتا ہوں کہ ایک مرتبہ پھر ان پتھروں کے خواص بیان کروں ۔اگر کسی کی تاریخ پیدائش فرض کریں 26ہے تو پھر اس کا عدد 8ہے کیونکہ 2+6=8ہوتا ہے اسی طرح ہر تاریخ پیدائش کو سمجھیں ۔